بھارت میں ایک آدمی نے اپنے پوتے پوتیوں کی فرمائش پر گھر کی چھت پر بڑا سا ہوائی جہاز بنوا ڈالا۔ انڈیاٹائمز کے مطابق 52سالہ ذاکر خان نامی اس شہری کا تعلق بھارتی ریاست جھاڑکھنڈ کے شہر رانچی سے ہے۔ اس کے پوتوں پوتیوں نے بڑے کھلونے کی فرمائش کی تھی، جس پر اس نے کنکریٹ سے اپنے گھر کی چھت پر ہی ایک بڑے سائز کا جہاز بنوا ڈالا۔
رپورٹ کے مطابق ذاکر خان نے کبھی ہوائی جہاز کا سفر نہیں کیا تھا، چنانچہ اس نے گوگل کی مدد سے ہوائی جہاز ڈیزائن کیا اور مقامی راج مستریوں کی مدد سے اسے تعمیر کروایا۔ اس ’منصوبے‘ پر 10لاکھ بھارتی روپے (تقریباً 22لاکھ پاکستانی روپے) لاگت آئی۔ذاکر نے اس جہاز کا نام ’انڈی گو‘ (Indigo)رکھا ہے۔ اس جہاز کا بیرونی و اندرونی ڈیزائن ہو بہو اصلی جہاز جیسا ہے۔ اس کے اندر سیٹیں لگی ہیں، ان کے ساتھ سیٹ بیلٹ بھی موجود ہیں، کھڑکیاں، کاک پٹ اورہر وہ چیز اس جہاز میں موجود ہے جو اصلی جہاز میں ہوتی ہے۔
ذاکر خان کا کہنا تھا کہ ”میں گھر کی چھت پر کوئی منفرد چیز بنانا چاہتا تھا تاہم مجھے کبھی ہوائی جہاز بنانے کا خیال نہیں آیا تھا۔ یہ آئیڈیا مجھے میرے پوتے پوتیوں کی فرمائش سے آیا۔ میں ان کے لیے بازار سے کھلونا ہوائی جہاز لے کر آیا تھا جس پر انہوں نے کہہ دیا کہ یہ چھوٹا ہے، میں انہیں بڑا جہاز لے کر دوں۔اس پر میں نے گھر کی چھت پر ان کے لیے ایک بڑا ہوائی جہاز بنانے کا فیصلہ کیا اور اس منصوبے پر کام شروع کر دیا۔“