میکسیکو میں ایک 72سالہ آدم خور قصاب پکڑا گیا ہے جس کے سفاکانہ جرائم کی تفصیل سن کر ہی رونگٹے کھڑے ہو جائیں۔
ڈیلی سٹار کے مطابق دی سٹیٹ آف میکسیکو کے رہائشی اس قصاب کا نام اینڈریاز ہے جو سالہا سال سے خواتین کو بربریت کا نشانہ بنا رہا تھا۔ وہ خواتین کو ورغلا کر اپنے گھر لے جاتا اور وہاں ان کو قتل کرکے ان کا گوشت پکا کر کھا جاتا اور ہڈیاں گھر میں ہی دفن کر دیتا تھا۔ اب تک وہ درجنوں خواتین کو موت کے گھاٹ اتار چکاتھا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں اس نے ایک پولیس آفیسر کی بیوی کو نشانہ بنایا، جو اسے ذاتی طور پر جانتا تھا۔ اینڈریاز اس پولیس آفیسر کی بیوی کے ساتھ شاپنگ کے لیے گیا تاہم خاتون واپس اپنے گھر نہ لوٹی۔ اس پر اس کے شوہر نے شہر میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے تحقیق شروع کر دی، جس میں معلوم ہوا کہ خاتون اس گلی میں داخل ہوئی تھی جس میں اینڈریاز کا گھر تھا تاہم وہ بعد میں وہاں سے باہر نہیں نکلی۔
اس پولیس آفیسر نے فوٹیج سے یہ پتا چلنے پر اینڈریاز کے گھر پر چھاپہ مارا تو وہاں ہولناک منظر اس کے سامنے تھا۔ اس کی بیوی کی لاش کے ٹکڑے وہاں ایک میز پر پڑے تھے۔ جب مزید تلاشی لی گئی تو 9دیگر خواتین کی باقیات بھی برآمد ہو گئیں۔ اس پر اس کے گھر میں کھدائی شرو ع کر دی گئی اور وہاں سے 4ہزار انسانی ہڈیاں برآمد ہو گئیں۔اینڈریاز کے گھر سے 7خواتین کے شناختی کارڈ ز اور دیگر دستاویزات برآمد ہوئی ہیں جن سے ان سات کی شناخت ہو گئی ہیں۔
ان خواتین میں کچھ عرصہ قبل لاپتہ ہونے والی 24سالہ لڑکی رینا گونزیلیز بھی شامل ہے۔ ملزم نے عدالت میں اپنے جرائم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ ”میں گزشتہ 3دہائیوں میں بے شمار خواتین سے ملا اور انہیں قتل کیا۔“ تفتیش کارخدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ اس شخص کا شکار بننے والی خواتین کی تعداد 50سے زائد ہو سکتی ہے۔ملزم کے عدالت میں مقدمے کی کارروائی جاری ہے۔