معروف کہاوت’گھر پھونک تماشا دیکھ‘تو آپ نے سن رکھی ہو گی مگر اب امریکہ میں ایک خاتون نے سچ میں اپنا گھر پھونک کر تماشا دیکھنے کی ایسی مثال قائم کر دی ہے کہ سن کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔ دی مرر کے مطابق اس 47سالہ خاتون کا نام جیل میٹوالے ہے جو امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور سے 50میل کے فاصلے پر ایک قصبے کی رہائشی ہے۔
جیل نے گزشتہ روز اپنے گھر کو آگ لگا دی اور گھر کے باغیچے میں ہاتھ میں کتاب لیے آرام کرسی پر بیٹھ کر گھر کو جلتا ہوا دیکھتی رہی۔ رپورٹ کے مطابق جیل نے جب گھر کو آگ لگائی، اس وقت اس کی فلیٹ میٹ بلینڈا ہولبروک گھر کے اندر ہی تھی۔علاقہ مکینوں نے یہ معاملہ دیکھ کر پولیس اور ریسکیوسروسز کو اطلاع دی، جنہوں نے آکر آگ بجھائی اور اندر پھنسی خاتون کو باہر نکالا۔ پولیس نے جیل کو اقدام قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
بلینڈ ا ہولبروک نے بتایا ہے کہ جیل کافی عرصے تک ذہنی امراض کے ہسپتال میں رہی، اسے کچھ ہی عرصہ پہلے وہاں سے رہا کیا گیا تھا اور اس نے گھر میں رہنا شروع کیا تھا۔وہ اس سے پہلے بھی کئی مواقع پر گھر کی مختلف چیزوں کو آگ لگا چکی ہے۔