دبئی میں پاکستانی سفارتی حکام کی کوششیں ناکام ہو گئی ہیں ، دبئی ایئر پورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کو ڈی پی پورٹ کرنے کا عمل شروع کر دیا گیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی نئی سفری ہدایات پر عمل کیے بغیر پاکستانیوں نے دبئی کی پرواز لی اور دو دن کے اندر 545 پاکستانیوں کو دبئی ایئر پورٹ پر روکا گیا کیونکہ پاکستانی قونصل خانہ دبئی کی نئی سفری ہدایات پر قومی ایئر لائن اور حکومت کو مطلع کرنے میں ناکام رہا اور بروقت اطلاع نہ ملنے کے باعث سینکڑوں پاکستانی دبئی ایئر پورٹ پر پھنس گئے جنہیں ڈی پورٹ کرنے کا عمل شروع کر دیا گیاہے ۔ویزے کے ساتھ دو ہزار درہم اور ہوٹل بکنگ کرا کے آئیں ۔
اس حوالے سے دبئی میں پاکستانی قونصل خانے نے پریس ریلیز جاری کر دی ہے جس میں کہا گیاہے کہ 545 پاکستانی مسافر جو وزٹ ویزہ پر پی آئی اے، فلائی دبئی، ایئر بلیو اور ایمریٹس پروازوں کے ذریعے دبئی ایئرپورٹ پر پہنچے تھے، ان کو متحدہ عرب امارات میں مناسب رقم رکھنے، واپسی کی ٹکٹ، ہوٹل بکنگ یا دبئی کا ویزہ ہونے کی شرائط پوری نہ ہونے کی وجہ سے یو اے ای میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ پاکستان قونصلیٹ جنرل دبئی کی کوششوں سے کچھ پاکستانی مسافروں کو یو اے ای میں داخل ہونے دیا گیا۔ قونصلیٹ جنرل نے تمام مسافروں کو کھانے کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ قونصل جنرل اور سٹاف ایئرپورٹ پر مسافروں کی مدد کے لیے موجود ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ شرائط صرف پاکستان کے لیے نہیں ہیں بلکہ کئی اور ممالک کے مسافروں کو بھی شرائط پوری نہ ہونے کی وجہ سے یو اے ای میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ تمام پاکستانی مسافروں سے التماس ہے کہ وہ بورڈنگ سے پہلے یو اے ای کے قوانین کے مطابق داخلے کی شرائط پوری کریں۔