وسیم ساحل
سپریم کورٹ نے اردوکو سرکاری زبان کا درجہ دینے کے کیس میں فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے قومی زبان کو سرکاری زبان قراردینے سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔ درخواست گزار وکیل کوکب اقبال نے موقف اپنایاکہ آئین کے مطابق اردوقومی زبان ہے لیکن آج تک قومی زبان کو سرکاری زبان کا درجہ نہیں ملا، عدالت اردوکو سرکاری زبان قراردے ، اس سے قوم کا بھلاہوگا۔
جسٹس گلزار نے ریمارکس دیے کہ عدالتی کارروائی کے دوران عدالت جج صاحبان اردو ہی بولتے ہیں ، آپ عدالت سے چاہتے کیا ہیں ؟چیف جسٹس نے کہاکہ فریقین کو سنے بغیرفیصلہ نہیں دے سکتے جس پر درخواست گزار کاکہناتھاکہ نوٹس پہلے بھی2004ءمیں جاری ہوچکے ہیں جس پر عدالت کاکہناتھاکہ ریکارڈ کے مطابق پہلے نوٹس جاری نہیں ہوئے ۔
عدالت عظمیٰ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی ۔