ترکی کے ڈیموں میں پانی کا لیول 10سے 15سال کی کم ترین سطح پر آ گیا ہے جس سے ترکی میں قحط کا خطرہ پیدا ہو گیاہے۔ میل آن لائن کے مطابق استنبول شہر کے لیے صرف 45دن کے لیے پانی کا ذخیرہ باقی رہ گیا ہے کیونکہ اس کے اومرلی ڈیم میں پانی کا لیول 15سال کی کم ترین سطح پر آ گیا ہے اور صرف 45دن ہی مزید نکالے گا۔ اومرلی ڈیم استنبول کے لیے پانی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔
انقرہ کے میئرمنصور یویس نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ دارالحکومت کے لیے بھی صرف 110دن کا پانی باقی رہ گیا ہے۔ ترکی کے دوسرے دو بڑے شہر ازمیر اور بورسا کے ڈیموں میں بھی گنجائش کا صرف 36اور 24فیصد پانی باقی رہ گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ترکی میں پانی کی کمیابی کی یہ صورتحال بارشوں میں شدید کمی کی وجہ سے درپیش آ رہی ہے۔ گزشتہ سال دسمبر میں ترک بھر کی مساجد سے اعلانات کیے گئے تھے کہ لوگ بارشوں کے لیے دعا کریں۔