انسٹھ سال کی عمر کو پہنچ کر کچھ لوگوں کے لئے تو سیدھا کھڑا ہونا بھی ذرا مشکل ہی ہو جاتا ہے لیکن ان محترمہ کو دیکھئے یہ اس عمر میں الٹی کھڑی ہو جاتی ہیں، صرف سر کے بل ہی نہیں بلکہ ہاتھوں کے بل بھی۔ ان کا نام لوئی کینی ہے اور یہ سوشل میڈیا پر ایک سلیبرٹی کی حیثیت رکھتی ہیں، جس کی وجہ ان کی جسمانی فٹنس سے بڑھ کر دلکش صورت ہے۔
لوئی کینی نے 18 سال کی عمر میں تیراکی کے ملبوسات کی ماڈلنگ کا آغاز کیا تھا۔ انہیں ماڈلنگ کرتے ہوئے 41 سال گزرچکے ہیں لیکن آج بھی وہ لندن سے لے کر پیرس تک ماڈلنگ شوز میں شرکت کرتی ہیں۔ لوئی کا کہنا ہے کہ اس عمر میں بھی ان کی صحت اتنی اچھی ہے اور رنگت ایسی تروتازہ اور چمکدار ہے کہ 20 سال کی لڑکیاں بھی انہیں دیکھ کر رشک کرتی ہیں۔
لوئی نے اپنی خوبصورتی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا ”میں تو کہوں گی اس کا اصل راز یوگا ہے۔ میں یوگا کا ایک خاص پوز بکثرت کرتی ہوں جس میں سر کے بل کھڑا ہوا جاتا ہے۔ اس سے سارے جسم میں دوران خون تیز ہو جاتا ہے اور خصوصاً چہرے کی جانب خون کا بہاﺅ بڑھنے سے اس میں دلکشی اور جلد میں تروتازگی اور چمک آ جاتی ہے۔ میری صحت اتنی اچھی ہے کہ میں ناصرف سر کے بل بلکہ ہاتھوں کے بل بھی الٹی کھڑی ہوسکتی ہوں۔ اس ورزش سے آپ کا دوران خون بہتر ہوجاتا ہے اور جسم کو توانائی و مضبوطی ملتی ہے ۔ میں گزشتہ 25 سال سے یہ ورزش کررہی ہوں اور تقریباً 12 سال ہوئے میں لڑکیوں کو یوگا کی تربیت بھی دے رہی ہوں۔“