امریکی ریاست مشی گن کے شہر ڈیٹرائٹ میں چھوٹا طیارہ ایک رہائشی گھر پر گر کر تباہ ہو گیاہے جس میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق مقامی حکام کا کہناہے کہ جہاز میں تین افراد سوار تھے جن میں ایک پائلٹ اور دومسافر تھے ، حادثے کے دوران تین افراد کی موت ہو گئی ہے ، جس وقت طیارہ گھر پر گرا تو اندر پانچ افراد موجود تھے جو کہ اس حادثے میں محفوظ رہے لیکن گھر میں آگ بھڑک اٹھی جس پر فائر بریگیڈ کے عملے نے قابو پالیا ہے۔ طیارہ حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیاہے تاہم ابتدائی طور پر یہ بتایا جارہاہے کہ طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔
گھر کی مالکن خاتون نے بتایا کہ وہ لیونگ روم میں بیٹھ کر یہ بحث کر رہے تھے کہ آج کونسی فلم دیکھی جائے اور طیارہ گرنے سے چند لمحے قبل ہی وہ اپنے اپنے کمروں میں چلے گئے تھے ،گھر میں خاتون کے شوہر اور تین بچے تھے ۔ خاتون کا کہناتھا کہ اگر وہ وہیں لیونگ روم میں موجود رہتے تو نتائج مختلف ہوتے ۔