امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے 2021ءمیں سیاحوں کو لاہور کی سیاحت کا مشورہ دے دیا۔ امریکی اخبار نے ہر سال کی طرح ان سیاحتی مقامات کی فہرست شائع کی ہے جو اس سال میں سیاحوں کو دیکھنے چاہئیں۔ رواں سال کی فہرست میں 52مقامات کو حصہ بنایا گیا ہے جن میں لاہور بھی شامل ہے۔ امریکی اخبار نے لاہور کو اس کی ثقافت، تاریخ، میزبانی اور مزے دار کھانوں کی بنیاد پر اس فہرست کا حصہ بنایا ہے۔
اخبار نے اپنے قارئین سے ان شہروں پر تبصرے کرنے کو کہا تھا اور سب سے بہترین تبصرے اپنی ویب سائٹ پر شائع بھی کیے۔ لاہور کے متعلق حنین اقبال نامی خاتون کا تبصرہ ویب سائٹ پر شائع ہوا جس نے لکھا تھا کہ ”لاہور کی رونقیں، خاص طور پر سردیوں میں، قابل دید ہوتی ہیں۔ یہ شہر آپ کا کھلی بانہوں سے استقبال کرتا ہے، آپ کو کھلاتا پلاتا اور پھر گلے سے لگا لیتا ہے۔“وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ کے ذریعے لاہور کو اس فہرست کا حصہ بنائے جانے کا مژدہ پاکستانیوں کو سنایا اور کہا کہ اس سال سیاحوں کو ہر حال میں لاہور کی سیاحت کے لیے آنا چاہیے۔