امریکہ میں ایک آدمی نے اپنی بیوی کے ساتھ محبت کی ایسی مثال قائم کر دی ہے کہ سن کر آپ بھی اس کی تعریف پر مجبور ہو جائیں۔ گڈ مارننگ امریکہ ڈاٹ کام کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر پورٹ اورنج کےرہا ئشی اس شخص کا نام گیری کرین ہے جس کی 56سالہ اہلیہ ڈونا کرین کو چند ہفتے قبل کورونا وائرس لاحق ہو گیا اور حالت سنگین ہونے پر اسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ڈونا کو موذی وائرس لاحق ہونے کی وجہ سے کسی کو بھی اس سے ملنے کی اجازت نہیں تھی لہٰذا اس کے شوہر گیری نے اس کی ڈھارس بندھانے اور اس سے محبت کا اظہار کرنے کا یہ انوکھا طریقہ اختیار کیا کہ وہ ایک پلے کارڈ لے کر اپنی بیوی کے کمرے کی کھڑکی کے سامنے کھڑا رہتا۔ اس پلے کارڈ پر ’آئی لو یو‘لکھا ہوا تھا۔ جب تک ڈونا ہسپتال میں رہی، گیری روزانہ اس کے کمرے کی کھڑکی کے سامنے یہ پلے کارڈ لے کر کھڑا ہوتا رہا۔
ڈونا کا کہنا ہے کہ گیری کے اس عمل نے مجھے بہت ہمت دی اور میں اس وباءسے لڑنے کے قابل ہوئی۔ ایک دن جب مجھے سانس لینے میں شدید دشواری ہو رہی تھی اور میری ہمت ختم ہو رہی تھی تو میں نے گیری کو کھڑکی کے باہر کھڑے دیکھا جس کے بعد میں نے سوچا کہ مجھے اس کے لیے زندہ رہنا ہے۔ اس حوالے سے گیری کا کہنا تھا کہ ”میں اپنی بیوی کو صرف اتنا باور کرانا چاہتا تھا کہ میں اس کے ساتھ ہوں۔ چنانچہ اس کے لیے مجھے یہی طریقہ سوجھا۔“