امریکہ میں ایک آدمی نے بیک وقت 260 ٹی شرٹس پہن کر عالمی ریکارڈ قائم کر ڈالا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق اس شخص کا نام ٹیڈ ہیسٹنگز ہے جس نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے نمائندوں کے سامنے میڈیم سے 20ایکس سائز کی 260شرٹس اوپر تلے پہنیں۔ یہ شرٹس اس کے منہ تک آ گئیں اور اس کی آنکھیں بھی آدھی شرٹس میں چھپ گئیں۔
اتنی زیادہ شرٹس پہننے کے بعد ہیسٹگنزبمشکل کھڑا ہو پا رہا تھا اور اسے کچھ لوگوں نے سہارا دے رکھا تھا۔ اتنی زیادہ شرٹس پہننے پر اس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج کر لیا گیا۔ ہیسٹنگز کا کہنا تھا کہ ”مجھے یہ ریکارڈ بنانے کا آئیڈیا اس وقت آیا جب میرے بچوں نے مجھ سے کوئی ورلڈ ریکارڈ بنانے کو کہا۔ میں ایک روز اپنے بیٹوں 14سالہ ایوری اور 11سالہ ولیم کے ساتھ بیٹھا گنیز ورلڈ ریکارڈز 2019ءدیکھ رہا تھا جب انہوں نے مجھ سے کہا کہ ”کیا میں کوئی ریکارڈ نہیں بنا سکتا؟“ ان کی اس بات پر میں نے سوچنا شروع کر دیا کہ میں کیا کر سکتا ہوں۔ تب میرے ذہن میں زیادہ ٹی شرٹس پہننے کا خیال آیا اور میں نے اس کی مشق شروع کر دی اور بالآخر اس میں کامیاب ہو گیا۔“