بادشاہ تو اپنے تاج میں ہیرے جڑوایا کرتے تھے لیکن ہیروں کے شوقین امریکی گلوکار لل اوزی ورٹ نے اپنے ماتھے ہی میں ہیرا جڑوا لیا۔ میل آن لائن کے مطابق لل اوزی ورٹ ، جن کا اصل نام سائمیر بائسل ووڈز ہے، نے 11قیراط کایہ گلابی ہیرا اپنے ماتھے میں کچھ اس طرح نصب کروا رکھا ہے کہ یہ حرکت بھی کرسکتا ہے۔ اس ہیرے کی قیمت 2کروڑ 40لاکھ ڈالر (تقریباً 4ارب 17کروڑ روپے)ہے جو گلوکار نے ’ایلینٹ اینڈ کمپنی‘ سے لے رکھا ہے اور گزشتہ تین سال سے کمپنی کو ادائیگی کرتے آ رہے ہیں۔
لل اوزی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ اس نے 2017ءمیں پہلی بار گلابی رنگ کا یہ ہیرا دیکھا تھا اور اسے اپنے ماتھے میں نصب کروا لیا اور تب سے کمپنی کو اس کی ادائیگی کرتا آ رہا ہے، جو اب جا کر مکمل ہوئی ہے۔ ہیرے کو ماتھے میں نصب کروانے کے متعلق اوزی کا کہنا ہے کہ ”خوبصورتی تکلیف دہ ہے۔ “ٹوئٹر پر ہی ایک صارف نے اوزی سے پوچھا کہ ”اس کا مطلب ہے کہ یہ ہیرا تمہاری بوگاٹی اور دوسری لگژری کاروں سے زیادہ مہنگا ہے؟“ صارف کو جواب دیتے ہوئے اوزی نے لکھا کہ ”ہاں، میری لگژری کاریں اور میرا گھر سب کچھ ملا کر بھی یہ ہیرا ان سے مہنگا ہے۔“