گزشتہ ہفتے انٹر کلچرل وومن گروپ کی انتظامیہ اور ممبران نے ذہنی صحت اور انسداد ذہنی دباؤ کے منظور شدہ پراجیکٹ کے تحت اوسلو کے نواحی علاقہ سون میں سیر کی۔اس سلسلے میں گروپ کی انتظامیہ نے ایک ٹور کا اہتمام کیا جو کہ جمعرات کی سہ پہر کو روانہ ہوا۔ اس ٹور میں اوسلو کے فلاحی سینٹر سے ایک کارکن نے سوگن پارک میں اگنے والی نباتات اور مفید پودوں اور درختوں کے بارے میں معلومات دی۔
گروپ کی سربراہی گروپ لیڈر غزالہ شاہین کر رہی تھیں جبکہ سیکرٹری سعدیہ اشرف پودوں سے متعلق تمام معلومات نوٹ کر رہی تھیں۔پودوں اور درختوں کی معلومات حاصل کرنے کے بعد سب نے مل کر جھیل کے کنارے روبینہ اسلم کے بنے ہوئے لذیذ نان کباب کھائے۔
اس کے بعد شازیہ عندلیب نے خواتین کو پرچیوں پر جانوروں کا نام لکھنے والا دلچسپ کھیل کھلایا جس سے سب لطف اندوز ہوئے۔اس کھیل کے بعد فلاحی تنظیم کے کارکن نے درختوں کی ٹہنیوں سے کھیلا جانے والا کھیل کھلایا۔تمام خواتین اس سرگرمی سے بہت لطف اندوز ہوئیں۔
اگلے راؤنڈ میں گروپ نے جھیل کے گرد تین کلو میٹر پیدل چکر لگایا۔جو بہت تیزی سے ختم ہو گیا۔چہل قدمی کے بعد تمام خواتین بہت ہشاش بشاش دکھائی دے رہی تھیں۔
خواتین کا کہنا تھا کہ تین کلو میٹر کا فاصلہ منٹوں میں طے ہو گیا تھا کیونکہ سب آپس میں خوش گپیوں میں مصروف تھیں۔
اس کے بعد کچھ دیر تک گروپ سستانے اور جھیل کے نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے جھیل کنارے بیٹھ گیا۔ جھیل میں بطخیں اپنے بچوں کے ساتھ تیرتی ہوئی خوبصورت نظارہ پیش کر رہی تھیں۔
اس سلسلے کا اگلا ٹور ستائیس جون کو ہو گا۔ جو خواتین اس میں حصہ لینا چاہتی ہیں وہ انٹر کلچرل گروپ کی ویب سائٹ یا فیس بک پیج پہ اپنا نام لکھوا کر شامل ہو سکتی ہیں۔ اس ٹور کا مقصد وبائی مرض اور روزمرہ کی گھریلو اور پیشہ ورانہ مشکلات کی وجہ سے پیدا ہونے والے ذہنی دباؤ کو کم کرنا اور طبیعت میں ترو تازگی کے ذریعے شخصیت کی نمو کرنا ہے۔
ہر ماہ پروگرام کے دو حصوں پر کام کیا جائے گا۔پہلے حصے میں نیورو تھراپسٹ ساجدہ پروین خواتین کو آن لائن ذہنی صحت کی ہلکی پھلکی اور آسان ورزشیں کروائیں گی جبکہ دوسرے حصے میں جسمانی توانائی بحال کرنے کے لیے اوسلو کے مضافات میں واقع باغات، جھیلوں، اور تفریحی ہٹس کے ٹور لگائے جائیں گے۔ پروگرام میں شامل خواتین کو ریفریشمنٹ تنظیم کی جانب سے دی جائے گی۔اس میں اٹھارہ برس سے ذائد کسی بھی ملک کی خواتین حصہ لے سکتی ہیں۔مزید تفصیلات کیلیے اس لنک پر کلک کریں، میل لکھیں یا پھر اس نمبر پر رابطہ کریں۔
IKKG.NO
mobil: 90871926