لندن کے ہیروڈز سٹور سے کروڑوں روپے کی لگژری گھڑی انتہائی انوکھے طریقے سے چوری کروانے والے میاں بیوی کو قید کی سزا سنا دی گئی۔ میل آن لائن کے مطابق 33سالہ ایلی پیرا اور اس کی اہلیہ مارٹا پیرا بلوج نے حیران کن طور پر اپنے 6سالہ بچے کو اس واردات کی تربیت دی اور اس کے ذریعے سٹور سے 67ہزار400 پاﺅنڈ (تقریباً 1کروڑ 46لاکھ روپے) مالیت کی لگژری گھڑی چوری کی۔یہ گھڑی ’رائل آف شور اویک 18قیراط روز گولڈ‘ تھی۔
رپورٹ کے مطابق ایلی اور مارٹا کا تعلق رومانیہ سے تھا۔ اس واردات کے بعد ایلی اور مارٹا اپنے بچے کے ہمراہ واپس رومانیہ جانے کی کوشش کرتے ہوئے ڈوور کی بندرگاہ پر پکڑے گئے۔ پولیس نے ان سے تفتیش کی تو دونوں نے ہیروڈز سے لگژری گھڑی بچے کے ذریعے چوری کروانے کا اعتراف کر لیا۔ انہوں نے پولیس کو بتایا کہ وہ کئی ماہ سے بچے کو اس چوری کی تربیت دیتے آ رہے تھے۔ پولیس نے انہیں عدالت میں پیش کر دیا جہاں سے اب ایلی کو 18ماہ اور مارٹا کو 8ماہ قید کی سزا سنا کر جیل بھجوا دیا گیا ہے۔