بیلجیم کے سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں سبزے اور بچوں کی ذہانت کے درمیان ایک انتہائی دلچسپ تعلق کا انکشاف کر دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق بیلجیم کی ہیسل یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے 600سے زائد بچوں کے آئی کیو لیول ٹیسٹ کرنے اور ان کی رہائش کی جگہ کا معائنہ کرنے کے بعد بتایا ہے کہ جو بچے جتنے زیادہ سرسبزو شاداب علاقے میں رہتے ہیں ان کا آئی کیو لیول اتنا ہی زیادہ ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس تحقیق میں جن بچوں پر تجربات کیے گئے ان کی عمریں 10سے 15سال کے درمیان تھیں۔ سائنسدانوں نے نتائج میں حتمی طور پر بتایا ہے کہ جس بچے کے ماحول میں سبزہ 3فیصد زیادہ ہوتا ہے اس کا آئی کیو لیول 2.6پوائنٹ زیادہ ہوتا ہے اور یہ شرح اسی تناسب سے بڑھتی چلی جاتی ہے۔ سائنسدانوں نے نتائج میں یہ بھی بتایا ہے کہ زیادہ سبزے والے علاقوں میں رہنے والے بچے روئیے کے مسائل سے بھی اتنے ہی کم دوچار ہوتے ہیں۔ ایسے بچے کم غصیلے اور کم ضدی ہوتے ہیں۔