ترجمان پاک فضائیہ نے وضاحت کی ہے کہ 11 جون کو ایئر چیف کے اپنے گاؤں کے دورے کے موقع پر ریڈ کارپٹ فضائیہ نے نہیں بلکہ اہلِ دیہہ نے دھرتی کے سپوت کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے بچھایا تھا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق 11 جون کو پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو نے ایک آپریشنل ایریا کا دورہ کیا اور اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ اپنے آبائی گاؤں بھی گئے۔ ان کا گاؤں راستے میں تھا اسی لیے انہوں نے اپنے والدین کی قبر پر فاتحہ پڑھنے کا موقع غنیمت جانا اور اپنے گاؤں میں رک گئے۔ ایئر چیف بننے کے بعد ذمہ داریوں کی وجہ سے وہ گزشتہ تین ماہ سے اپنے والدین کی قبر پر حاضری نہیں دے پائے تھے۔
ترجمان کے مطابق ایئر چیف کے سیکیورٹی پروٹوکول کے مطابق ان کے گاؤں میں سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹ کے انتظامات کیے گئے تھے تاہم ریڈ کارپٹ پر استقبال فضائیہ کے پلان کا حصہ نہیں تھا۔
ترجمان پاک فضائیہ نے واضح کیا کہ ایئر چیف کیلئے ریڈ کارپٹ ان کے آبائی گاؤں کے لوگوں نے دھرتی کے سپوت کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے بچھایا تھا۔
خیال رہے کہ کچھ روز پہلے ایئر چیف کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں ہیلی کاپٹر سے اتر کر ریڈ کارپٹ پر چل کر گاڑی میں بیٹھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔