صدارتی الیکشن ہارنے کے بعد پہلی بار امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے وائٹ ہاﺅس میں صحافیوں کا سامنا کیا اور حسب معمول ایک صحافی کے ساتھ الجھ پڑے اور انہیں کھری کھری سنا دیں اور ساتھ ہی وائٹ ہاﺅس سے پرامن طریقے سے چلے جانے کی بات بھی کر ڈالی۔ میل آن لائن کے مطابق یہ صحافی عالمی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے نمائندے جیف میسن تھے جنہوں نے صدر ٹرمپ سے سوال پوچھ ڈالا کہ ”آیا وہ نومنتخب صدر جوبائیڈن کے سامنے اپنی ہار تسلیم کریں گے؟“
جیف میسن کے اس سوال پر صدر ٹرمپ غصے میں آ گئے اور میسن کو ’ہلکا آدمی‘ قرار دیتے ہوئے نصیحت کر ڈالی کہ ”صدر سے کبھی بھی اس لہجے میں بات مت کرنا۔“بعد ازاں صدر ٹرمپ نے اسی موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ”اگرچہ ہار تسلیم کرنا بہت مشکل کام ہے لیکن اگر الیکٹورل کالج جوبائیڈن کو صدر منتخب کرتا ہے تو میں وائٹ ہاﺅس چھوڑ دوں گا۔“ اس موقع پر ایک صحافی نے سوال پوچھ لیا کہ ”کیا آپ جوبائیڈن کی افتتاحی تقریب کے روز پرامن طریقے سے اقتدار ان کے حوالے کر دیں گے اور وائٹ ہاﺅس چھوڑ کر چلے جائیں گے؟“ تو اس کا جواب دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ”یقینا میں ایسا ہی کروں گا اور تم یہ بات جانتے ہو۔“