امریکہ میں ایک خاتون اور اس کے شوہر نے کورونا وائر س کی وباءکے دوران بغیر دیکھے نیا گھر خرید لیا اور جب لاک ڈاﺅن ختم ہونے پر میاں بیوی اس نئے گھر میں منتقل ہوئے تو اس میں ایک ایسی چیز کا انکشاف ہوا کہ وہ دنگ رہ گئے۔ میل آن لائن کے مطابق اس خاتون کا نام سیسی ہینکشا ہے جو قبل ازیں اپنے شوہر کے ہمراہ امریکی ریاست پنسلوانیا میں رہتی تھی تاہم لاک ڈاﺅن کے دوران انہوں نے ریاست میسوری میں نیا گھر خرید لیا۔
جب سیسی اپنے اس نئے گھر میں منتقل ہوئی اور پہلی بار گھر کو دیکھا تو اس کو علم ہوا کہ گھر کا ایک بالائی کمرہ ہے، جسے گھر کے کسی حصے سے کوئی راستہ نہیں جاتا، پورے گھر میں سے کہیں سے بھی اس کمرے میں داخل نہیں ہوا جا سکتا۔ سیسی کا کہنا ہے کہ ”میں نے گھر کی تصاویر دیکھ کر اسے خریدا تھا۔ جب میں یہاں آئی تو دیکھا کہ باہر سے گھر کی دوسری منزل پر ایک کمرہ نظر آتا ہے، جس میں کھڑکیاں لگی ہوئی ہیں تاہم اندر سے اس کمرے کو کوئی راستہ نہیں جاتا۔“
سیسی کا کہنا تھا کہ”میں کئی دن تک میں یہ سوچ کر پریشان ہوتی رہی کہ اس کمرے میں آخر کیا ہو سکتا ہے اور اس میں داخل ہونے کا راستہ تلاش کرتی رہی۔ بالآخر ایک الماری کے پیچھے موجود سیڑھیاں میں نے تلاش کر لیں جو اس کمرے میں جاتی تھیں۔ جب میں کمرے میں گئی تو کیا دیکھا کہ یہ بالکل خالی پڑا تھا جیسے اسے کبھی استعمال ہی نہ کیا گیا ہو۔ اس کی چھت اتنی نیچے تھی کہ اسے کمرے کے طور پر استعمال ہی نہیں کیا جا سکتا۔“