بھارت کے علاقہ اتر پردیش میں بارات لے کر جانے والے دولہے کو دلہن کاگھر ہی نہ ملا،جس کے بعد بارات کو خالی ہاتھ واپس لوٹنا پڑا۔
انڈین ٹائمز کے مطابق بارات اتر پردیش کے علاقہ اعظم گڑھ سے ماو کے علاقہ میں گئی تھی۔شدید سردی میں دولہااور باراتی ساری رات دلہن کا گھر تلاش کرتے رہے مگر دلہن کا گھر نہ مل سکا،علاقہ میں کوئی بھی دلہن کے اہل خانہ کی طرف سے دئیے گئے ایڈریس کو نہیں جانتا تھا۔جس کے باعث بالآخررات بھر کی تلاش کے بعد بارات کو خالی ہاتھ واپس لوٹنا پڑا۔خالی ہاتھ لوٹنے کے بعد دولہا اور باراتیوں نے رشتہ کروانے والی خاتون کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے تھانے میں یرغمال بنا لیا۔
انڈین ٹائمز کے مطابق شادی سے پہلے لڑکا یا اس کے اہل خانہ ایک بار بھی لڑکی کے گھر نہیں گئے تھے جبکہ لڑکی نے شادی کے انتظامات کے لئے دولہے کے گھر والوں سے 20 ہزار روپے بھی لیے تھے۔دولہے کی یہ دوسری شادی تھی ،چار سال قبل بھی اس نے شادی کی تھی مگر کچھ عرصہ بعد اسکی بیوی اپنےماں باپ کے پاس واپس چلی گئی تھی اور واپس نہ لوٹی۔ جس کے بعد اہل خانہ نے اسکی دوسری شادی کروانے کی کوشش کی،پولیس کے مطابق باراتیوں کی طر ف سے خاتون پر سنگین الزامات لگائے گئے تھے،مگر بعدازاں خاتون اور باراتیوں کے درمیان صلح صفائی سے معاملات طے پاگئے جس کے باعث کوئی قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔