بحرینی بادشاہ کے بیٹے نے سڑک کنارے مچھلیاں بیچتے مچھیرے کو ایسی پیشکش کردی کہ جان کر آپ بھی اس کی قسمت پر عش عش کر اُٹھیں گے

بحرینی بادشاہ کے بیٹے نے سڑک کنارے مچھلیاں بیچتے مچھیرے کو ایسی پیشکش کردی کہ جان کر آپ بھی اس کی قسمت پر عش عش کر اُٹھیں گے

بحرینی دارلحکومت کی ایک مصروف سڑک کے کنارے مچھلی بیچنے والے ایک غیر ملکی نوجوان کو گزشتہ روز اس وقت ایک حیرت انگیز تحفہ ملا جب بحرینی شہزادہ شیخ ناصر بن حماد الخلیفہ خود چل کر اس کے پاس چلے آئے اور اسے ایک ایسی کاروباری پیشکش کر ڈالی کہ نوجوان کے لئے اپنی خوش قسمتی پر یقین کرنا مشکل ہو گیا ۔

گلف نیوز کے مطابق بحرین کے امیر کنگ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کے صاحبزادے پرنس شیخ ناصر بن حماد الخلیفہ حماد ٹاﺅن میں سڑک کے کنارے کاروبار کرنے والے ایک مچھلی فروش کے پاس پہنچ گئے۔ شہزادے نے اس مچھلی فروش کو پیشکش کی کہ وہ بحرین کی ایک بڑی ہائپر مارکیٹ کو مچھلی فراہم کرے تو اسے لائسنس جاری کیاجائے گا اور دکان بھی بنا کردی جائے گی۔ انہوں نے مچھلی فروش سے یہ بھی پوچھا کہ آیا اسے کشتی کی ضرورت ہے یا نہیں۔

محمد علی نامی مچھلی فروش شہزادے کی اچانک آمد پر پہلے ہی حیرت زدہ تھا اور اس پر یہ کاروباری پیشکش اس کے لئے ناقابل یقین ثابت ہوئی۔ بعدازاں ہائپر مارکیٹ کے ترجمان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا کہ شہزادے کی پیشکش کے بعد فوری طور پر محمد علی سے مچھلی خریدنے کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔

مقامی میڈیاکے مطابق شہزادے نے اس مچھلی فروش کو پہلے بھی کئی بار دیکھا تھا اور وہ کام کے ساتھ اس کی لگن اور محنت کے جذبے سے متاثر تھے۔ وہ بحرین کے لئے اس کے مثبت جذبات سے آگاہ تھے اور اس کی انہیں خوبیوں کی بنا پر انہوں نے اسے کاروبار کی شاندار پیشکش کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں