مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملینڈا گیٹس کی طرف سے گزشتہ روز ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا جس میں انہوں نے یہ انکشاف کرکے دنیا کو ورطہ حیرت میں مبتلا کر دیا کہ ان کی طلاق ہونے جا رہی ہے۔ دی گارڈین کے مطابق طلاق کے بعد ملینڈا ممکنہ طور پر دنیا کی دوسری امیر ترین خاتون بن سکتی ہیں۔ بل گیٹس اور ملینڈا کے درمیان شادی کے وقت کوئی معاہدہ نہیں کیا گیا تھا۔ اس صورت میںریاست واشنگٹن کے قانون کے تحت غالب امکان ہے کہ بل گیٹس کی آدھی دولت ملینڈا کو ملے گی۔
اس وقت بل گیٹس کے پاس 146ارب ڈالر کی دولت ہے، چنانچہ ملینڈا کو اس میں سے 73ارب ڈالر ملیں گے۔ اس صورت میں وہ دنیا کی دوسری امیر ترین خاتون بن جائیں گی۔ دنیا کی سب سے امیر ترین خاتون 67سالہ فرینکوئس بیٹن کورٹ میئرز ہیں۔ وہ ایل اورئیل کی مالک ہے اور ان کے پاس 83ارب ڈالر کی دولت ہے۔ واضح رہے کہ طلاق کے اعلان کے بعد ملینڈا نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس پر اپنے نام سے ’گیٹس‘ کا لفظ ہٹا دیا ہے اور 27سال بعد ایک بار پھر ملینڈا فرنچ بن گئی ہیں۔