دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک بل گیٹس کی فلاحی تنظیم نے کورونا وائرس ویکسین کی دنیا بھر میں فراہمی یقینی بنانے کیلئے 7 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کردیا۔
بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ دنیا کے ہر کونے میں کورونا وائرس پھیلا ہے اس لیے ویکسین بھی سب کا حق ہے۔ ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے عالمی اداروں کی 7 کروڑ ڈالر کی امداد کی جائے گی۔
بل گیٹس فاؤنڈیشن نے یہ رقم دو حصوں میں ادا کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت کوویکس ایڈوانس مارکیٹ کمٹمنٹ گروپ کو پانچ کروڑ جبکہ کولیشن آف اپیڈیمک پریپرڈینس انوسیشنز کو دو کروڑ ڈالرز دیے جائیں گے۔ یہ دونوں ادارے عالمی گروپ کے ساتھ کرونا ویکسین کی تیاری میں مصروف ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں کہ ٹیسٹوں، علاج اور ویکسیزن کی فراہمی دنیا بھر میں مساوی بنیادوں پر ہوسکے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی بل گیٹس کی جانب سے دنیا بھر میں صحت کے حوالے سے خاصا کام کیا جارہا ہے۔ وہ نہ صرف پولیو کے خاتمے کیلئے سرگرم ہیں بلکہ ایڈز کے علاج کے حوالے سے ہونے والی تحقیق کو بھی مالی معاونت فراہم کرتے ہیں۔