بچے گاہے اپنے بالوں میں چیونگم لگا لیتے ہیں جسے نکالنا ان کے والدین کے لیے عذاب ہوتا ہے ، تاہم اب کئی ماﺅں نے اس کا ایک انتہائی آسان طریقہ بتا دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ہوا یوں کہ آسٹریلیا کی میرین پولاک نامی خاتون بھی اسی مسئلے سے دوچار ہو گئی۔ اس کی تین سالہ بچی نے اپنے بالوں میں چیونگم پھنسا لیا اور میرین اسے نکال نہیں پا رہی تھی۔ اس کے پاس اپنی بیٹی کے بال کاٹنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا تاہم اس نے بال کاٹنے سے قبل آن لائن خواتین سے مشورہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
میرین نے آسٹریلوی ماﺅں کے ایک فیس بک گروپ میں اپنا مسئلہ بیان کیا جس کے جواب میں درجنوں خواتین نے کمنٹس میں اسے اپنی بیٹی کے سر میں ’مونگ پھلی کا مکھن‘ (Peanut butter)لگانے کو کہا۔میرین نے ان خواتین کے مشورے پر عمل کیا اور اس کے ایسے نتائج سامنے آئے کہ وہ حیران رہ گئی۔ میرین نے بعد ازاں ان خواتین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے اپنی بیٹی کے سر میں مونگ پھلی کا مکھن لگایا اور صرف 2منٹ میں اس کے بالوں سے چیونگم نکل گئی۔