فرانس کی وزارت صحت نے بچوں کے ڈائپرز میں خطرناک کیمیکل ’گلائی فاسیٹ‘ کی موجودگی کا انکشاف کیا ہے جس سے بچے جلد کے کینسر میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کی قومی صحت کی ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ بچوں کے ڈائپرز کا تجزیہ مقامی اور عالمی سطح کی لیبارٹری پر کیا گیا جس سے ڈائپرز میں خطرناک کیمیکل کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ اس کیمیکل سے بچوں کی جانوں کو تو خطرہ لاحق نہیں لیکن یہ کیمیکل بچوں کی جلد کے کینسر کا سبب بن سکتا ہے۔
فرانس کی وزارت صحت، خزانہ اور ماحولیات نے ایک مشترکہ بیان میں ڈائپرز بنانے والی کمپنیوں کو خطرناک کیمیکل کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے 15 دن کا وقت دے دیا ہے۔وزارت صحت کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ڈائپرز میں خوشبو کے لیے بھی کچھ کیمیکلز ڈالے جاتے ہیں جنہیں بند کرنے کی تجویز دی گئی ہے جب کہ غیر شعوری طور پر شامل ہونے والے کیمیکل کے خاتمے پر زور دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گلائی فاسیٹ کو عالمی ادارہ برائے صحت WHO نے بھی صحت اور ماحول کے لیے مضر قرار دیا تھا جس سے جلد کے کینسر ہونے کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔