بھارت کی مشرقی ریاست بہار میں گرج چمک اور آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 20 افراد ہلاک ہوگئے ہیں،یہ اموات بھوج پور، ساران،کیمور، پٹنا اور بشار میں ہوئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بہار کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے محکمہ کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ 9 افراد بھوج پور میں ہلاک ہوئے، 5 ساران میں،3افراد کیمور میں،2 پٹنا میں جبکہ 1 شخص بشار میں ہلا ک ہوا ہے۔ رواں ہفتہ کے آغاز سے اب تک آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 75 ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ ہفتے ریاست میں شدید بارشوں اور بجلی گرنے کے حادثات میں 83افراد مارے گئے تھے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد یا تو کھیتوں میں کام کررہے تھے یا پھر بجلی گرنے کے وقت انہوں نے درختوں کے نیچے پناہ لے رکھی تھی۔ حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کی صورتحال کے دوران احتیاط کریں اور گرج چمک وآندھی طوفان کے وقت باہر گھومنے سے پرہیز کریں ۔انہوں نے لوگوں پر زوردیا ہے کہ موسم کی خراب صورتحال کے حوالے سے قدرتی آفات سے نمٹنے کے دفتر کی جانب سے جاری ہونے والی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور بجلی گرنے اور گرج چمک کے وقت باہر جانے سے گریز کریں۔اس وقت بھارت جنوب مغربی مون سون کی لپیٹ میں ہے اور زیادہ تر علاقوں کو شدید سے انتہائی شدید بارشوں کا سامنا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ چند ایک مقامات پر انتہائی شدید لہر کی زد میں ہے۔