بھارتی ریاست راجستھان میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی جانب سے پاکستانیوں کو 48 گھنٹوں میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔ راجستھان کے شہر بیکانیر میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے حکم میں کہاگیا ہے کہ ہوٹل اور لاجز میں پاکستانی شہریوں کو نہ ٹھہرایا جائے اور بیکانیر کے شہری کسی پاکستانی کو ملازم نہ رکھیں۔دوسری جانب پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان نے ردعمل میں کہا ہے کہ بھارت کا راجستھان سے پاکستانیوں کو 48 گھنٹے میں نکل جانے کا حکم قابل مذمت ہے، بھارتی اقدام بھارتی میزبانی اور اس کے سیاحت دوستی کے شرمناک چہرے کو بھی بے نقاب کرتا ہے اور یہ حکم بھارتی جنگی جنون اور الیکشن پر جذبات ابھارنے کا مظہر ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ بھارت بین الریاستی اقدار کی پاسداری کرے گا۔
یاد رہے کہ 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی سیکیورٹی اہلکاروں کی بس پر کارخودکش حملے میں 45 سے زائد فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جب کہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔ پلوامہ حملے کے بعد سے ہی بھارت نے بغیر کسی تحقیقات کے پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ شروع کررکھا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کشیدہ ہوگئے ہیں۔
Recent Comments