.
بھارتی ریاست اُترپردیش میں خواتین نے کورونا وائرس کو دیوی کا درجہ دیتے ہوئے ’کورونا مائی‘ کی پوجا شروع کردی جو 21 روز تک جاری رہے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، اترپردیش کے گاؤں واراناسی اور کشی نگر میں خواتین کی بڑی تعداد روزانہ ندی کنارے گھنٹوں تک ’کورونا مائی‘ کی پوجا کرتی ہے تاکہ اس دیوی کا غصہ ختم ہوجائے، وبا کا زور ٹوٹ جائے اور مرتے ہوئے لوگوں کی جانیں بچ جائیں تاہم اس پوجا کے دوران سماجی فاصلے کا کوئی خیال نہیں رکھا جا رہا۔
اتوار کے روز بھی کشی نگر سے ملحق ندی کے کنارے سیکڑوں خواتین قطار باندھ کر کھڑی ہوگئیں اور انہوں نے کورونا مائی کی پوجا شروع کردی۔
ایک مقامی خاتون نے صحافیوں کو بتایا کہ کئی پنڈتوں نے کہا ہے کہ انہیں 21 روز تک دیوی ’کورونا مائی‘ کی پوجا کرنا ہوگی، جس کے بعد یہ وبا ختم ہوجائے گی۔
سماجی فاصلہ نہ رکھنے کے بارے میں ایک اور خاتون کا کہنا تھا کہ جب وہ کورونا مائی کی پوجا کررہی ہیں تو اس کے علاوہ انہیں کسی اور چیز کی ضرورت نہیں۔خاتون نے کہا کہ ’’کورونا مائی ہم پر مہربانی کرے گی اور ہمیں (اس وبا سے) خود ہی محفوظ رکھے گی،‘‘ ۔