بیروت دھماکے سے تباہی کا شکار ہونے والے لبنان پر ایک اور مصیبت آن پڑی ، ملک میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا جس کی وجہ سے عبوری وزیر صحت نے 2 ہفتوں کے لاک ڈاؤن کی تجویز دے دی۔
لبنان کے عبوری وزیر صحت حماد حسن کا کہنا ہے کہ ہم آج ایک الرٹ جاری کر رہے ہیں اور ہمیں انتہائی بولڈ قدم اٹھاتے ہوئے 2 ہفتوں کے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرنا پڑے گا۔
خیال رہے کہ لبنان میں اتوار کے روز کورونا کے 439 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ 4 اگست کو بیروت میں ہونے والے دھماکے کی وجہ سے مرکزی شہر کے 55 میڈیکل سنٹرز آؤٹ آف سروس ہیں۔
سرکاری ریڈیو پر اپنے خطاب میں لبنان کے عبوری وزیر صحت نے کہا کہ اس وقت سرکاری اور نجی ہسپتالوں کے آئی سی یو بھر چکے ہیں، اور کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جو ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے۔
خیال رہے کہ 4 اگست کو بیروت کی بندرگاہ کے ویئر ہاؤس میں خوفناک دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 178 افراد ہلاک ، 6 ہزار سے زائد زخمی اور 3 لاکھ لوگ بے گھر ہوگئے تھے۔