آیا آیا دین آیا، لبیک یارسول اللہ کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔ فیض آباد میں شہدائے ختم نبوت کیلئے فاتحہ خوانی
دنیا و آخرت سنوارنے کیلئے اللہ کے دین کو تخت پر لانا ہوگا، رحمۃ للعالمینﷺ سے رہنمائی لیتے ہوئے بہترین نظام حکومت بنائینگے۔
شیخ الحدیث علامہ خادم حسین رضوی، پیشوائے اہلسنت پیر محمد افضل قادری، سید عنایت الحق ودیگر کے خطابات
راولپنڈی: (15 جولائی 2018ء) تحریک لبیک یارسول اللہ کا لیاقت باغ میں عظیم الشان پاور شو۔ ہزاروں افراد کی پرجوش شرکت۔ تحریک کے امیر علامہ خادم حسین رضوی، تحریک کے بانی پیر محمد افضل قادری، ڈویژن راولپنڈی کے امیر سید عنایت الحق شاہ ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا و آخرت سنوارنے کیلئے اللہ کے دین کو تخت پر لانا ہوگا۔ رحمۃ للعالمین ﷺ اور آپکی عطا کردہ خلافت راشدہ سے رہنمائی لیتے ہوئے بہترین نظام حکومت بنائینگے۔ نگران وزیر کی طرف سے مسئلہ ختم نبوت کیخلاف گفتگو کی شدید مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ختم نبوت کیخلاف زبان درازی کرنے والوں کو لگام دے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی گستاخانہ خاکوں کو روکنے کیلئے عالمی سطح پر قانون سازی کرائے۔ قانون ختم نبوت بدلنے والوں کو ناہل کیا جائے۔ شہدائے فیض آباد کے قاتلوں کو جلد کٹہرے میں لایا جائے۔ تحریک لبیک یارسول اللہ کے منشور کے حوالہ سے کہا گیا کہ معیشت، تعلیم، معاشرت، انصاف، سیاست اور اقتصادیات سمیت تمام شعبوں میں شاندار بہتری لائی جائیگی۔ انسانی بنیادی ضرورتیں صاف پانی، خالص غذائیں ، مناسب رہائش، اصلی ادویات، علاج معالجہ، تعلیم وتربیت اور جان مال عزت کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہو گی۔ امر بالمعروف ونہی عن المنکر کے عنوان سے وزارت قائم کی جائیگی جو اشاعت اسلام کیساتھ برائیوں کی روک تھام اور تحفظ ناموس رسالت و ختم نبوت کیلئے ضروری اقدامات اٹھائیگی۔ خواتین کو انکے حقوق دلائے جائینگے اور طلبا وطالبات کیلئے نظام تعلیم الگ الھ قائم کیا جائیگا۔ کشمیر کی آزادی، کالاباغ ڈیم و دیگر پانی کے ذخائر تعمیر کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائینگے۔ احتساب کا نظام دورِ فاروقی کی طرز پر قائم کرکے ظلم، کرپشن اور نانصافی کا راستہ روکا جائیگا۔ تحریک لبیک کے قائدین نے مزید کہا کہ ہم نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے ملک بھر سے 600کے قریب امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے ہیں، جو ناموس رسالتﷺ، ختم نبوتﷺ اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کیلئے کردار ادا کرینگے۔ مقررین نے کہا کہ پورے ملک میں تحریک لبیک کی الیکشن کمپین پورے زور وشور کیساتھ جاری ہے۔ انشاء اللہ 25جولائی کو تحریک لبیک پاکستان فاتح ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عاشقان مصطفیﷺ کے قافلہ میں شامل ہوجائیں اور کرین پر مہر لگاکر دین کو تخت پر لانے کیلئے کردار ادا فرمائیں۔ اس موقع پر غازی ممتاز حسین قادری شہید کے والد بھائی اور صاحبزادے شریک تھے۔
جاری کردہ: پیر اعجاز احمد اشرفی
مرکزی ناظم نشر واشاعت تحریک لبیک یارسول اللہ