بسم اللہ الرحمن الرحیم
تحریک لبیک یا رسول اللّٰہ ﷺ
نیوز رپورٹ
ملتان؍ لاہور؍ اسلام آباد؍ کراچی؍ گجرات: (رپورٹ الیاس زکی سے) مقاصد پاکستان کی تکمیل کیلئے تحریک لبیک یارسول اللہ سیاسی میدان میں آچکی ہے۔ وطن عزیز پاکستان کو اسلامی فلاحی پرامن اور دہشت گردی سے پاک ریاست بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کیا جائیگا۔ حکومت اہلسنت بریلوی کیخلاف ظلم وجبر کا سلسلہ فوری بند کرے۔ گھنٹہ گھر چوک ملتان میں عظیم الشان تاریخ ساز لبیک یارسول اللہ کانفرنس کے بہت بڑے اجتماع سے پیشوائے اہلسنت پیر محمد افضل قادری، شیخ الحدیث علامہ خادم حسین رضوی، پیر سید ظہر الحسن شاہ، علامہ وحید نور، پیر اعجاز اشرفی، علامہ فاروق الحسن قادری، پیر سید سرور شاہ بخاری، علامہ ڈاکٹر شفیق امینی، پیر قاضی محمود احمد اعوانی، پیر سید زمان جعفری، مولانا عبد الغفور تابانی، مولانا حفیظ اللہ علوی ودیگر کے خطابات۔ رکاوٹوں کے باوجود کانفرنس میں جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور خصوصا علماء کرام ومشائخ عظام نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جبکہ ملتان کی فضائیں تکبیر ورسالت اور لبیک یارسول اللہ کے نعروں سے گونجتی رہیں۔ مقررین نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رجسٹریشن مکمل ہوچکی ہے اور اب تحریک لبیک یارسول اللہﷺ نے سیاسی میدان میں بھرپور کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ہماری منزل نفاذ نظام مصطفیﷺ ہے تاکہ دنیاوی زندگی میں عوام کو انکے حقوق صحیح طرح میسر آئیں اور اخروی کامیابی کا حصول بھی ممکن ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیانِ پاکستان تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ کے پلیٹ فارم پر مجتمع ہو کر اسلام، وطن عزیز پاکستان اور عوامی خدمت کیلئے کردار ادا کریں۔ گھنٹہ گھر چوک ملتان میں تاریخ ساز فقید المثال لبیک یا رسول اللہ کانفرنس کے بہت بڑے اجتماع سے ملک بھر سے آئے ہوئے علماء مشائخ اور قائدین اہلسنت نے بھی خطابات کئے۔ علماء نے مزید کہا کہ محب وطن اہلسنت بریلوی اور انکی رجسٹرڈ مقبول ترین سیاسی جماعت تحریک لبیک یارسول اللہﷺ کیخلاف حکومتی ظلم وستم اور ناجائز حربے بند نہ کئے گئے تو حکومت کیخلاف پرزور احتجاجی تحریک چلائینگے اور کسی کو بھی اپنے حقوق غصب کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ اور ہر قیمت پر محبت رسولﷺ کا پیغام عام کرتے رہیں گے۔
جاری کردہ: شعبہ نشر واشاعت تحریک لبیک یارسول اللہ