ترکی میں ایک ترک نژاد اطالوی شخص ہیئرٹرانسپلانٹ کراتے ہوئے پراسرار طور پر ہارٹ اٹیک آنے سے جاں بحق ہو گیا۔ میل آن لائن کے مطابق اس 28سالہ نوجوان کا نام ابراہیم گل بتایا گیا ہے جواپنی فیملی کے ہمراہ اٹلی میں مقیم تھا اور معمول کے ہیئرٹرانسپلانٹ آپریشن کے لیے ترکی گیا تھا جہاں آپریشن کے دوران پراسرار طور پر اسے ہارٹ اٹیک آ گیا اور اس کی موت واقع ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق ابراہیم گل کی موت مشکوک قرار دی جا رہی ہے کیونکہ اس کی لاش استنبول کے ایک مردہ خانے میں خون میں لت پت حالت میں پہنچائی گئی۔ ابراہیم گل کے ایک دوست نے بھی بتایا ہے کہ وہ ہسپتال میں اپنے دوست کی لاش دیکھنے گیا جو خون میں لت پت تھی۔ابراہیم گل خود بھی اٹلی میں ہیئرڈریسر کا کام کرتا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ان کی نظروں میں ابراہیم گل کی موت مشکوک ہے اور بظاہر لگتا ہے کہ انہیں قتل کیا گیا ہے۔ بہرحال اس کیس کی تفتیش مکمل ہونے پر ہی کوئی حتمی نتیجہ سامنے آ سکے گا۔