ظفروال ( )توہین آمیز خاکے شائع کر کے مغفرب عاشقان رسول ۖ کے دلوں سے محبت مصطفےٰ ۖ نہیں نکال سکتا ۔عالم اسلام متحد ہو کر گستاخان رسول کے خلاف اقوام متحدہ میں قانون سازی کروائے ۔عشقِ مصطفےٰ ۖ کا تقاضا ہے کہ تعلیمات مصطفےٰ ۖ پر عمل کیا جائے۔ سرکار دو عالمۖ کی تخلیق و آمد عشق و محبت کی بدولت ہے ۔اللہ تعالیٰ نے جب اپنے ظہور کا ارادہ فرمایا تو آمنہ رضی اللہ عنہا کے لالۖکو پیدا فرمایا ۔عشقِ رسول ۖ سرمایۂ حیات ، روحِ عبادات اور وجۂ زینت کائنات ہے ۔جشن میلاد النبی ۖ کے موقعہ پر حدود شریعت میں رہ کر محبت کا اظہار کرنا باعث اجر و ثواب اور ذریعہ نجات ہے ۔ ان خیالات کا اظہار قائد تحریک اویسیہ پاکستان و صوبائی امیر عالمی تنظیم اہلسنت پنجاب علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی نے عالمی دعوت لاثانی کے زیر اہتمام حافظ سفارش علی کی والدہ مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے منعقدہ محفل میلاد مصطفےٰ ۖ سے غوث پور ہ میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ۖ نے انسان و مسلمان کو محبت اور اُنس کا پیکر بنایا ہے ۔آج دنیا میں عروج اور آخرت میں بلندیٔ درجات کے لئے فروغ عشقِ رسول ۖ کے مشن پر گامزن ہو کر محبت کے چراغ روشن کرنے ہوں گے ۔ دہشت گردی ،فرقہ واریت اور ہر قسم کا تعصب انسان و مسلمان کو زیب نہیں دیتا ۔ اسلام کا نام لے کر لوگوں کا خون بہانے والے ،خو د کش حملوں سے بے قصور عوام کو مو ت کی وادی میں پہنچا نے والے اور ملک و ملت کو عدم استحکام سے دو چار کرنے والے دہشت گردوں سے مذاکرات نہیں بلکہ غیرت فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ سے سرشار ہو کر فیصلہ کن نجات کیلئے آپریشن کی ضرورت ہے ۔پوری قوم پاک فوج اور حکومت کا ساتھ دے گی ۔دہشت گردوں کے حمایتیوں کے نیٹ ورک پر پابندی عائد کی جائے ۔سواد اعظم اہلسنت و جماعت عشقِ مصطفےٰ ۖ کے پرچم تلے ملتِ اسلامیہ کے اتحاد کی خواہاں ہے ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے قاری محمد رفیق رضوی ،محمد بابر سجافی ،حافظ محمد گلفام اویسی ،محمد جہانگیر نقشبندی،صاحبزادہ محمد عاصم بشیر اویسی،محمد محسن اویسی،محمد سجاد اویسی اور دیگر نے کہا عشقِ رسول ۖ سے سرشار مومنین جشن میلاد مصطفی منا کر احسان خدا کا شکرانہ ادا کرتے ہیں ۔ محافلِ میلاد محبت مصطفی ۖ کے فروغ کے ذریعہ ہیں ۔عاشقانِ رسول ۖ ہر سال پہلے سے زیادہ اپنے آقا ۖ سے محبت کا اظہار کرتے ہیں ۔آج ضرورت ہے کہ نفرتوں کو مٹا کر محبتوں کو پروان چڑھایا جائے ۔
جاری کردہ:حافظ محمد عرفان اسلام اویسی انچارج میڈیا سیل تحریک اویسیہ پاکستان موبائل نمبر0306-6339369