بھارت میں ایک خاتون نے اخبار میں اپنا نام تبدیل کرنے کا اشتہار دیا، جس میں اس نے اپنا ایسا نیا نام رکھا ہے کہ انٹرنیٹ پر ہنسی کا طوفان آ گیا اور لوگوں نے اس خاتون کی تلاش شروع کر دی ہے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق بھارتی ریاست مغربی بنگال کی رہائشی اس خاتون کا نام انامیکا مزمودار تھا جس کی جگہ اب اس نے اپنا نام ’سپریم امپیریم‘ (Supreme Imperium) رکھ لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لین مانم مریاتھا نامی ایک ٹوئٹر صارف نے اخبار میں چھپے اس اشتہار کی تصویر ایک ٹویٹ میں پوسٹ کی ہے جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور لوگ خاتون کے اس نئے نام پر حیران ہو رہے ہیں۔ مریاتھا نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ”میں اس عورت کی کہانی جاننا چاہتا ہوں۔“اناچل اگروال نامی لڑکی نے لکھا ہے کہ”میرے خیال میں اس کے ہاتھ سپریم امپیریم کے نام کا کوئی چیک لگ گیا ، جس میں بڑی رقم بھری ہے، چنانچہ اس نے اس رقم کی خاطر اپنا نام تبدیل کر لیا ہے تاکہ اس چیک کو کیش کروا سکے۔“