برطانیہ میں ایک لڑکی نے گھر تبدیل کیا تو اپنے کتے کو پرانے گھر میں ہی باندھ کر لاوارث چھوڑ گئی، جو دو ماہ تک ایک ایسی چیز پر زندہ رہا کہ سن کر آدمی حیران رہ جائے۔
جب رائل سوسائٹی فار دی پریوینشن آف کروئیلٹی ٹو اینیملز (آر ایس پی سی اے)نامی تنظیم کے لوگوں نے اس کتے کو ریسکیو کیا تو وہ محض ہڈیوں کا ڈھانچہ بن چکا تھا۔ اس بیچارے کتے کو دیکھ کر لگتا تھا کہ جیسے ہڈیوں کا کوئی ڈھانچہ ہی چل رہا ہو۔
اس کتے کو اس کی سفاک مالک لڑکی باتھ روم میں باندھ گئی تھی جہاں تنظیم کے لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ کتا ٹوتھ پیسٹ کھا کر اور ٹوائلٹ باﺅل سے پانی پی کر دو ماہ تک زندہ رہا۔ ریسکیو کرنے کے بعد اسے فوری طور پر جانوروں کے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج کیا گیا۔
آر ایس پی سی اے انسپکٹر ریچل لیفی کا کہنا ہے کہ ”یہ کتا اپنے جسم کے فطری وزن کا دو تہائی کھو چکا تھا۔ آج تک میں نے اتنا سوکھ کر کانٹا ہو چکا کتا نہیں دیکھا جو زندہ ہو۔“رپورٹ کے مطابق اس کتے کی 23سالہ مالک آئلہ گلکرسٹ کو تلاش کرکے گرفتار کیا گیا اور عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے12ماہ کے لیے معطل 8ہفتے قید اور 400پاﺅنڈ جرمانے کی سزا سنا دی گئی ہے۔