پاکستان کے مقبول ترین گلوکار عاطف اسلم نے کہا ہے کہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی خواہش خانہ کعبہ میں اذان دینا ہے اور جو شخص میری سفارش کر دے، زندگی بھر اس کیلئے کام کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں عاطف اسلم نے کہا کہ ”خانہ کعبہ میں اذان دینا زندگی کی سب سے بڑی خواہش ہے، جو شخص میری سفارش کردے، زندگی بھر اس کے لیے کام کروں گا۔“
حال ہی میں عاطف اسلم نے اذان کی ایک ویڈیو جاری کی تھی جو پاکستان بھر میں وائرل ہوئی تھی، اس کے بارے میں گلوکار نے کہا کہ ”میں نے سنا ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عہد میں لوگ چھتوں پر جاکر اذان دیتے تھے، وہاں سے یہ خیال مجھے آیا اور میں نے مزید سوچے بغیر اس پر عمل کیا۔ ریکارڈنگ سے ایک دن قبل میں رات بھر سو نہیں سکا، ان جذبات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اللہ کی مہربانی سے مجھے ایسا موقع مل سکے گا۔“
جب عاطف اسلم سے یہ سوال کیا گیا کہ ان کے مداح سوچ رہے ہیں کہ وہ موسیقی کی دنیا کو خیرباد کہہ رہے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ ”موسیقی کی صنعت کو چھوڑنے کا موضوع ذاتی ہے، مگر میں دنیا کے ساتھ مذہب کو لے کر چلنا چاہتا ہوں، میں یہ نہیں کہہ رہا کہ میں موسیقی کو مکمل طور پر چھوڑ دوں گا، مگر میں یہ ضرور چاہتا ہوں کہ دین کے اہم پہلوؤں جیسے اللہ تعالیٰ کے اسمائے حسنیٰ اور تاجدار حرم کو اجاگر کروں۔“
عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ ”میں خوش ہیں کہ نوجوان صرف میرے گانے ہی نہیں بلکہ ان چیزوں پر بھی توجہ دے رہے ہیں، مگر میں ابھی موسیقی کو الوداع نہیں کہہ رہے۔ زندگی میں ہم بہت کچھ کرتے ہیں، کچھ اچھے کام ہوتے ہیں کچھ برے، میں خوش قسمت ہوں کہ تاجدار حرم پرفارم کرسکا اور میں خود کو بہت زیادہ خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ مجھے اسما الحسنیٰ کا موقع ملا، میں ان جذبات کی وضاحت نہیں کرسکتا جب میں نے اللہ کے ناموں کو ادا کیا۔“