کینسر ایک ایسا موذی مرض ہے جو ہر سال دنیا میں لاکھوں جانیں نگل جاتا ہے تاہم ہم اپنی خوراک اور طرز زندگی میں کچھ معمولی تبدیلیاں لا کر اس جان لیوا بیماری سے بہت حد تک محفوظ رہ سکتے ہیں۔ پروفیسر رابرٹ تھامس نے کچھ ایسی ہی احتیاطیں بتائی ہیں کہ جن پر عمل کرکے اس بیماری سے بچا جا سکتا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق کیمبرج یونیورسٹی کے پروفیسر تھامس نے بتایا ہے کہ اپنے دانت باقاعدگی سے برش کریں، جلا ہوا ٹوسٹ کبھی نہ کھائیں اور جام کی بجائے مگرناشپاتی کا استعمال کریں۔
پروفیسر تھامس کا کہنا تھا کہ دانت برش نہ کرنے سے آدمی کو کئی اقسام کا کینسر لاحق ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ہماری ایک تحقیق میں لوگوں کے دانتوں کی کھوڑوں میں جن بیکٹیریا کا جینیاتی مواد پایا گیا وہ مواد ان لوگوں کو لاحق ہونے والے مقعد کے کینسر سے متاثرہ خلیوں میں بھی پایا گیا۔ دانت صاف نہ کرنے سے منہ سے لے کر بڑی آنت اور مقعد تک کے کینسر کا خطرہ بہت بڑھ جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پروفیسر تھامس نے اس کے علاوہ لوگوں کو سورج کی دھوپ لینے کا بھی مشورہ دیا اور کہا کہ جو لوگ رنگ کالا ہونے کی وجہ سے دھوپ میں نہیں جاتے وہ بڑی غلطی کرتے ہیں کیونکہ وٹامن ڈی ہمیں کینسر سے بچانے کے لیے ناگزیر حیثیت رکھتا ہے اور یہ سب سے زیادہ ہمیں دھوپ ہی سے ملتا ہے۔