چینی کمپنی نے دفتری اوقات کے دوران ایک سے زائد بار ٹوائلٹ جانے والے ملازمین پر جرمانہ عائد کرنے کا قانون متعارف کروادیا ہے،کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر کوئی ملازم ایک دن میں دوسری بار ٹوائلٹ جائے گا تو اسے 20 یوآن (تقریباً 500 پاکستانی روپے) جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کمپنی کا کہنا ہے کہ کام چور ملازمین اکثر کام سے بچنے کےلیے بار بار ٹوائلٹ میں جا کر بیٹھ جاتے ہیں،سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے چینی کمپنی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔’’انپو الیکٹرک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی‘‘ نامی اس چینی کمپنی نے ایک نوٹس کے ذریعے اپنے ملازمین کو آگاہ کیا ہے کہ وہ دفتر میں کام کے دوران صرف ایک بار ہی ٹوائلٹ جاسکتے ہیں؛ اور اگر کوئی ملازم ایک دن میں دوسری بار ٹوائلٹ جائے گا تو اسے 20 یوآن (تقریباً 500 پاکستانی روپے) جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
کمپنی کے کسی نامعلوم ملازم نے یہ نوٹس چینی سوشل میڈیا سائٹس پر شیئر کرا دیا جس کے بعد اس کمپنی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
اس کے جواب میں ’’انپو‘‘ کمپنی کا کہنا ہے کہ سست اور کاہل ملازمین اکثر اوقات کام سے بچنے کےلیے بار بار ٹوائلٹ میں جا کر بیٹھ جاتے ہیں اور مزے سے سگریٹ پیتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے کام کا ہرج ہوتا ہے۔ کمپنی نے یہ بھی وضاحت کی کہ جرمانے کی رقم ملازمین کی تنخواہ میں سے نہیں کاٹی جارہی بلکہ بونس میں کاٹی جائے گی۔کمپنی کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کوئی ملازم اپنے شعبے کے سربراہ کی تحریری اجازت سے دن میں کئی بار ٹوائلٹ جارہا ہے تو اس پر جرمانہ نہیں کیا جاتا۔