آن لائن شاپنگ آج کل عام ہو چکی ہے لیکن 1999ءمیں جب یہ رجحان بالکل نیا تھا، ایک امریکی اداکار نے آن لائن شاپنگ کا ایسا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا جو آج تک کوئی نہیں توڑ سکا۔ سی این بی سی کے مطابق اس 62سالہ امریکی اداکار کا نام مارک کیوبن ہے جو ٹیلی ویژن کی معروف شخصیت اور میڈیا پروپرائٹرہیں۔ انہوں نے 1999ءمیں ایک ذاتی جہاز آن لائن خریدا تھا اور اس کی 4کروڑ ڈالر کی قیمت آن لائن ادا کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق 4کروڑ ڈالر کی سنگل ای کامرس ٹرانزیکشن ایک ورلڈ ریکارڈ تھا جس پر مارک کیوبن کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا اور آج تک یہ ریکارڈ انہی کے پاس ہے۔ معروف رئیلٹی ٹی وی شو شارک ٹینک کے سٹار مارک کیوبن کا کہنا ہے کہ ”میں رقم بہت محتاط انداز میں خرچ کرتا ہوں۔ میں گزشتہ 18سال سے ایک ہی گھر میں رہ رہا ہوں اور سالہا سال سے میرے پاس وہی کاریں ہیں تاہم ذاتی جہاز خریدنا میرا ہمیشہ سے جنون رہا تھا جو میں نے 1999ءمیں پورا کیا اور اس کی وجہ سے ایک عالمی ریکارڈ بھی قائم ہو گیا۔ “