دنیا کی سب سے معصوم قاتل؟ دو نوجوان لڑکیاں جنہیں یوٹیوب ویڈیو بنانے کا کہہ کر ان کے ہاتھوں سے قتل کروادیا گیا

دنیا کی سب سے معصوم قاتل؟ دو نوجوان لڑکیاں جنہیں یوٹیوب ویڈیو بنانے کا کہہ کر ان کے ہاتھوں سے قتل کروادیا گیا

شمالی کوریا کے حکمران کم جونگ ان کے سوتیلے بھائی کم جونگ نام کو 2017ءمیں ملائیشیاءکے دارالحکومت کوالالمپور کے ایئرپورٹ پر قتل کردیا گیا تھا۔ ایئرپورٹ پر دو لڑکیوں نے کم جونگ نام کے چہرے پر وی ایکس نرو ایجنٹ نامی زہر مَل دیا تھا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ اب ان لڑکیوں کی اس حرکت کی انتہائی حیران کن وجہ سامنے آ گئی ہے۔

میل آن لائن کے مطابق ان لڑکیوں کو یہ معلوم ہی نہیں تھا کہ وہ جو چیز کم جونگ نام کے چہرے پر لگانے جا رہی ہیں وہ زہر ہے اور اس سے اس کی موت ہو جائے گی۔ ان لڑکیوں کو تو یہ کہہ کر لایا گیا تھا کہ انہیں یوٹیوب کی ایک ویڈیو کے لیے لوگوں کے ساتھ پرینک (مذاق) کرنا ہے اور ان کے چہرے پر یہ محلول لگانا ہے۔

اس واقعے کے بعد منظرعام پر آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا تھا کہ لڑکیوں کے چہرے پر زہر لگانے کے بعد کم جونگ نام باہر آ کر سکیورٹی اہلکاروں کو اس واقعے کے متعلق بتاتا ہے جو اسے ہسپتال لے کر جاتے ہیں لیکن زہر لگانے کے 20منٹ بعد اس کی موت واقع ہو جاتی ہے۔ ان لڑکیوں میں سے ایک کا نام سیتی (Siti) تھاجس کی عمر 25سال تھی اور دوسری 28سالہ ڈوان ژی ہونگ تھی۔

شمالی کوریا کی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹس نے جان نامی ایک ڈرائیور کے ذریعے سیتی اور ژی ہونگ تک رسائی حاصل کی اور انہیں مذاقاً لوگوں کے چہروں پر محلول لگانے پر راضی کیا۔ ایک روز ان سے ایک سپرمارکیٹ میں ایک شخص کے چہرے پر محلول لگوایا گیا اور اگلے روز ایک شاپنگ مال میں۔ جب ان دونوں جگہ پر انہوں نے کامیابی سے محلول لگا دیا تو انہیں ایئرپورٹ پر لیجایا گیا اور وہاں محلول کی جگہ انہیں زہر دے دیا گیا جو انہوں نے کم جونگ نام کے چہرے پر لگا دیا۔ اس کام کے عوض ان دونوں کو پیسے بھی دیئے گئے جو وہ سمجھ رہی تھیں کہ یوٹیوب ویڈیو میں کام کرنے کے پیسے ہیں لیکن کچھ ہی دیر میں خبروں میں کم جونگ نام کے قتل کی خبر سن کر اور سی سی ٹی وی کی فوٹیج میں خود کو دیکھ کر ان کے پیروں تلے زمین نکل گئی۔ اگلے ہی روز دونوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں