دنیا کے سب سے بڑے ڈرگ لارڈ پیبلو ایسکوبار کے بھتیجے کی لاٹری لگ گئی، خواب دیکھنے کے بعد گھر کی دیوار توڑی تو اربوں روپے مل گئے

دنیا کے سب سے بڑے ڈرگ لارڈ پیبلو ایسکوبار کے بھتیجے کی لاٹری لگ گئی، خواب دیکھنے کے بعد گھر کی دیوار توڑی تو اربوں روپے مل گئے

دنیا کے سب سے بڑے ڈرگ لارڈ پیبلو ایسکوبار کے بھتیجے کو ایک خواب نے بیٹھے بٹھائے ارب پتی بنا دیا۔ میل آن لائن کے مطابق پیبلوایسکوبار کے بھتیجے نکولس ایسکو بار کو خواب آیا جس میں اسے گھر کی دیوار میں جھانکنے کا اشارہ کیا گیا۔ اس نے کولمبیا شہر میڈیلین میں واقع اپنے گھر کی دیوار توڑی تو اس میں سے 2کروڑ ڈالر (تقریباً 3ارب 31کروڑ روپے) برآمد ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق اتنی خطیر رقم ایک پلاسٹک بیگ میں ڈال کر دیوار کے اندر چھپائی گئی تھی۔ یہ گھر پیبلو ایسکوبار کا تھا جو اب نکولس ایسکوبار کی ملکیت میں آ چکا ہے۔ نکولس نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ”مجھے خواب میں بتایا گیا کہ رقم کی تلاش کے لیے مجھے گھر کی کون سی دیوار کے اندر دیکھنا چاہیے۔یہ رقم میرے انکل نے حکام سے پوشیدہ رکھنے کے لیے دیوار میں چھپائی تھی۔“ واضح رہے کہ پیبلو ایسکوبار 1993ءمیں سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہو گیا تھا۔

پیبلو ایسکوبار کے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے عروج کے دنوں میں دنیا کا ساتواں امیر ترین آدمی تھا۔اپنی موت کے وقت اس کے پاس ایک اندازے کے مطابق30ارب ڈالر کی دولت تھی، جو ڈالر کی موجودہ قیمت کے تناسب سے 59ارب ڈالر بنتی ہے۔ اسے ’کوکین کا بادشاہ‘ بھی کہا جاتا تھا۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اس نے اربوں ڈالر اپنے مختلف رہائش گاہوں اور دیگر جگہوں پر چھپا رکھے تھے جواس کی موت کے بعد وہیں پڑے رہ گئے۔ پہلے تو لوگ اس بات کو محض مفروضہ سمجھتے تھے لیکن اب نکولس کو رقم ملنے کے بعد یہ مفروضہ حقیقت ثابت ہو گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں