برطانیہ میں گزشتہ دنوں دو چوروں نے واردات کے دوران خود ہی پولیس کو کال ملا دی اور دھر لیے گئے۔ میل آن لائن کے مطابق دنیاکے یہ احمق ترین چور برطانوی شہر سٹاک آن ٹرینٹ میں ایک گھر میں گھسے اور چوری کرنا شروع کر دی۔ اس دوران ایک چور اپنے ہی فون کے اوپر بیٹھ گیا جس سے 999پر پولیس کو کال چلی گئی۔ پولیس کی طرف سے کال ریسیو ہو گئی مگر چوروں کو اس کا علم نہیں تھا۔ چنانچہ پوری واردات کے دوران وہ جو باتیں کرتے رہے، پولیس والے سنتے رہے۔
رپورٹ کے مطابق چور اپنے کام میں مصروف رہے اور پولیس والے ان کی کال کے ذریعے ان کی جگہ کا تعین کرتے رہے اور کچھ ہی دیر بعد پولیس کی گاڑیاں اس گھر کے باہر پہنچ گئیں جس کے اندر وہ چوری کر رہے تھے۔ چیف انسپکٹر جان اوین کا کہنا تھا کہ ”میں خیال میں ہم نے آج دنیا کے بدقسمت ترین چوروں کو گرفتار کیا ہے۔ جنہوں نے واردات کے دوران خود ہی ہمیں کال ملا دی۔ “