سکاٹ لینڈ کی سپرماڈل اور شاہی خاندان کی فرد سٹیلا ٹیننٹ کی گزشتہ ماہ پراسرار طور پر موت واقع ہو گئی تھی اور ان کی موت کا سبب تاحال کسی کو معلوم نہیں تھا۔ اب سٹیلا کی فیملی کی طرف سے تصدیق کر دی گئی ہے کہ درحقیقت اس نے خودکشی کی تھی۔ میل آن لائن کے مطابق 50سالہ سٹیلا کی لاش گزشتہ ماہ سکاٹ لینڈ کے شہر ڈون میں واقع اس کے گھر سے برآمد ہوئی تھی۔ وہ کافی عرصے سے ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار تھی اور انہی کے پیش نظر اس نے خودکشی کی۔
سٹیلا نے اپنے طویل اور تابناک کیریئر میں کلوین کلین، شینل، ہرمیز اور بربری سمیت کئی بڑے برانڈز کی تشہیری مہمات میں کام کیا۔ اس کی فیملی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ”ماڈل، جس کی تخلیقی صلاحیتوں، ذہانت اور حس مزاح نے بے شمار لوگوں کو متاثر کیا، کچھ عرصہ سے بیمار تھی اور اس نے محسوس کیاکہ اب وہ اس بیماری کے ساتھ مزید زندہ نہیں رہ سکتی۔“ فیملی کی طرف سے بیان میں لوگوں سے فیملی کی پرائیویسی کو ملحوظ خاطر رکھنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ سٹیلا ، ڈیون شائر کے 11ویں ڈوک اینڈریو کیونڈش کی پوتی تھی۔ اس کی اپنے شوہر ڈیوڈ لیزنٹ سے طلاق ہو چکی تھی جس سے ان کے چار بچے تھے۔ ان چاروں کی عمریں 15سے 22سال کے درمیان ہیں۔