سوڈان میں دوران پرواز بلی نے ہوائی جہاز کے پائلٹ پر حملہ کر دیا جس پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی گئی۔ میل آن لائن کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ سوڈان سے قطر جانے والے پرواز میں پیش آیا۔ بلی جہاز کے اڑان بھرنے سے پہلے کسی طرح کاک پٹ میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئی اور ٹیک آف کے آدھ گھنٹے بعد ہی پائلٹ پر حملہ آور ہو گئی۔
بلی کے حملے کی وجہ سے جہاز کے عملے میں ہڑبونگ مچ گئی اور پائلٹ نے اس ناگہانی افتاد سے نجات پانے کے لیے ہوائی جہاز کی ہنگامی لینڈنگ کروا دی۔ رپورٹ کے مطابق تارکو ایئرلائنز کی یہ پرواز سوڈان کے دارالحکومت خرطوم اڑی تھی اور پائلٹ نے آدھ گھنٹے بعد یہ واقعہ پیش آنے پر اسے موڑ کر واپس خرطوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہی لیجا کر اتار دیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ جہاز کئی دن سے ایئرپورٹ پر کھڑا تھا، ممکنہ طور پر اسی دوران کہیں دروازہ کھولے جانے پر بلی اندر چلی گئی۔