ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ کا سفر کرتے ہیں اور رمضان المبارک میں یہ شرح بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے تاہم اس ماہ مقدس میں کورونا کی وجہ سے ایسے سخت قوانین لاگو کیے گئے ہیں کہ بہت کم لوگ ہی رمضان المبارک میں عمرہ کی ادائیگی سے بہرہ مند ہو سکیں گے۔
میل آن لائن کے مطابق سعودی حکومت کی طرف سے لاگو کیے گئے قوانین کے مطابق صرف وہی لوگ عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ جا سکیں گے جنہوں نے سعودی عرب پہنچنے سے 14روزپہلے دوبار کورونا ویکسین لگوا رکھی ہو گی یا وہ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد صحت مند ہو چکے ہوں گے۔ان کے علاوہ کوئی شخص عمرے کے لیے مکہ مکرمہ نہیں جا سکے گااور ان لوگوں کو بھی مکہ مکرمہ میں سماجی فاصلے کی پابندی پر عمل کرنا ہو گا۔
رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت کی طرف سے مکہ مکرمہ میں کورونا کی وباءکے تدارک کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ داخلی راستوں سے مقام مقدسہ تک جراثیم کش دوا کے حامل فوارے لگائے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وباءشروع ہونے کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر تین لاکھ 93ہزار کیس سامنے آ چکے ہیں اور چھ ہزار 700اموات ہو چکی ہیں۔ حالیہ ہفتوں میں ریاست میں کورونا کے نئے کیسز کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
دوسری طرف سعودی حکومت بھی تیزی سے اپنے شہریوں کو کورونا ویکسین لگا رہی ہے۔ ساڑھے تین کروڑ کی آبادی میں سے اب تک 50لاکھ سے زائد لوگوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔