نفسا نفسی کے دور میں جہاں اکثریت بنا غرض اور مطلب کے کچھ بھی کرنے کو تیار نہیں وہیں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو سب کچھ کر کے بھی کچھ نہیں لیتے، پشاور کا ایسا ہی ایک رکشہ ڈرائیور ہے جو روزانہ 100 طالبات کو مفت پک اینڈ ڈراپ کی خدمات فراہم کرتا ہے ۔
پشاور کے عرب خان کا شمار ایسے افراد میں ہوتا ہے جن کا یقین ہے کہ تعلیم لڑکیوں کیلئے بھی اشد ضروری ہے ، اور عرب خان صرف زبانی جمع خرچ کی حد تک نہیں بلکہ اپنی جیب سے اخراجات کر کے روزانہ 100 طالبات کو اپنے رکشے میں سکول لانے اور لے جانے کی خدمات انجام دیتا ہے اور اسکے عوض وہ پٹرول تک کے اخراجات اپنی جیب سے ادا کرتا ہے تاکہ اس کے علاقے کی لڑکیاں بھی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو سکیں ۔
عرب خان خود بھی تعلیم یافتہ ہیں ، انہوں نے گریجویٹ کی مگر گھریلو مسائل کے باعث اعلیٰ تعلیم حاصل نہ کر سکے ، لیکن اب اپنے علاقے میں بچیوں کی تعلیم میں آنے والی رکاوٹ کو خود دور کرتے ہوئے مفت سروسز فراہم کر رہے ہیں ، اور سب بچیاں بھی انہیں ” بھائی جان” کہتی ہیں جس کے باعث عرب خان اب بھائی جان کے نام سے شہرت پا چکے ہیں۔
عرب خان کے علاقے میں زیادہ تر سکول کچی آبادیوں سے بہت دور ہیں جس کے باعث والدین لڑکیوں کی فیسوں سمیت دیگر اخراجات برداشت کرنے کے قابل نہیں ، اسی لئے عرب خان کی جانب سے بچیوں کیلئے بلا معاوضہ گزشتہ پانچ سال سے پک اینڈ ڈراپ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔