روسی بحریہ نے اپنی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کرنے والے امریکی بحری بیڑے کا تعاقب کرکے اسے واپس بھاگ نکلنے پر مجبور کر دیا۔ العریبیہ کے مطابق روسی وزارت دفاع کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ امریکی جنگی بیڑے ’یو ایس ایس چافی‘ نے بحیرہ جاپان میں روسی علاقائی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی تاہم اس کوشش کو روسی بحریہ نے ناکام بنا دیا۔ روسی وزارت دفاع نے اس واقعے کے بعد امریکی فوجی اتاشی کو طلب کرکے اس واقعے پر احتجاج ریکارڈ کرایا اور ایسے اشتعال انگیز اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا۔
روسی خبر رساں ادارے ’انٹرفیکس‘ کے مطابق وزارت دفاع نے بتایا کہ یہ واقعہ بحیرہ جاپان میں روسی چینی بحری مشقوں کے دوران پیش آیا۔ روسی بحری جہاز کے عملے نے ایک بین الاقوامی مواصلاتی چینل پر امریکی بیڑے کو خبر دار کیا کہ اس طرح کی حرکتیں مناسب نہیں کیونکہ امریکی بیڑہ نیوی گیشن کے لیے ممنوعہ علاقے میں داخل ہو چکا ہے۔اس وارننگ کے ساتھ روسی بحری جہاز نے اس امریکی بیڑے کا تعاقب شروع کیا جس پر امریکی بیڑہ ممنوعہ سمندری حدود سے نکل گیا۔