جارجیا میں چوری کی نیت سے ایک ریسٹورنٹ میں گھسنے والے چور کو مالک نے پکڑ لیا مگر پھر ایسا اعلان کر دیا کہ سن کر آپ اس کی فیاضی کی داد دیئے بغیر نہ رہ سکیں گے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ واقعہ جارجیا کے شہر آگسٹا میں پیش آیا ہے جہاں کارل ویلیس نامی شخص اپنے ریسٹورنٹ میں سور ہا تھا کہ اچانک آواز پر اس کی آنکھ کھل گئی۔ اس نے دیکھا کہ ایک چور اینٹ سے کھڑکی کا شیشہ توڑ کر اندر داخل ہو چکا ہے۔
چور کیش کے دراز کے پاس گیا اور اسے کھول کر دیکھا لیکن وہ خالی تھا۔ اتنی دیر میں کارل ویلیس اس تک پہنچ گیا اور اسے پکڑ لیا۔ اگرچہ اس کے ہوٹل کی کھڑکی کا شیشہ ٹوٹنے سے اس کا کافی نقصان ہو چکا تھا لیکن اس نے چور سے کہا کہ ” یہ ’جاب‘ تمہارے لیے اچھی نہیں ہے۔ تم اس کے علاوہ بھی کئی اچھی نوکریاں حاصل کر سکتے ہیں۔“ یہ کہتے ہوئے اس نے چور کو اپنے ریسٹورنٹ میں ہی نوکری کی پیشکش کر دی۔ کارل نے اعلان کیا کہ وہ چور کے خلاف پولیس کو رپورٹ نہیں کرے گا اور اگر چور اس کی پیشکش قبول کرتا ہے تو اسے نوکری بھی دے گا۔ کارل نے چور کو پکڑنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج فیس بک پر پوسٹ کی ہے جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔