2015ءمیں دریافت ہونے والے ہماری زمین جیسے سیارے کے متعلق ناسا کے سائنسدانوں نے حیران کن انکشاف کر دیا ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اس سیارے کا نام ’جی جے 1132‘ (GJ 1132)ہے جو ہمارے نظام شمسی سے باہر ہے، اس کا سائز ہماری زمین سے لگ بھگ ڈیڑھ گنا بڑا ہے تاہم اس کی فضاءزمین کی فضاءجیسی ہے۔اس کے علاوہ اس سیارے کی عمر، کثافت اور ماحولیاتی دباﺅ بھی ہماری زمین سے ملتا جلتا ہے۔
ناسا کے سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ یہ سیارہ ہزاروں سال تک اپنے سورج کے انتہائی قریب گردش کرتا رہا جس کی وجہ سے اس کی فضاءتباہ ہو گئی تھی تاہم اب ایک بار پھر اس سیارے کی فضاءپیدا ہو رہی ہے۔سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس سیارے کی سطح پر گیسوں کی ایک موٹی پرت ہے، جو پانی ، ہائیڈروجن یا میتھین گیس پر مشتمل ہو سکتی ہے یا پھر ان کا آمیزہ ہو سکتی ہے۔
اس تحقیق میں شامل سائنسدان ڈاکٹر جان ساﺅدورتھ کا کہنا ہے کہ ”اس سیارے کی فضاءاگرچہ ہماری زمین جیسی ہے تاہم اس کا درجہ حرارت 370ڈگری سینٹی گریڈ کے آس پاس رہتا ہے، جس کی وجہ سے اس پر انسانی آبادی ممکن نہیں ہو سکتی۔ تاہم اس سیارے کی پانی پر مشتمل فضاءکی دریافت نظام شمسی سے باہر کی دنیا میں زندگی تلاش کرنے کی سمت میں ایک حوصلہ افزاءقدم ہے۔“