سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں بوڑھے لوگوں کو پھر سے جوان بنانے کا دعویٰ کر دیا۔ میل آن لائن کے مطابق تل ابیب یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ انہوں نے 64سال کی عمر کے 35لوگوں کو’ آکسیجن تھراپی‘ کے ذریعے خلیاتی اعتبار سے جوان بنایا گیا۔ اس پروسیجر کے بعد ان لوگوںکے جسم خلیاتی اعتبار سے اسی لیول پر آ گئے جس لیول پر 25سال قبل تھے۔ گویا یہ لوگ 25سال کم عمر ہو کر دوبارہ جوان ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق اس تحقیق میں سائنسدانوں نے پریشرائزڈ چیمبر کا استعمال کیا۔ ان لوگوں کو ہفتے میں 5دن 90منٹ تک اس پریشرائزڈ چیمبر میں بٹھا یا گیا جس میں خالص ترین آکسیجن بھری تھی۔ تین ماہ تک ان لوگوں پر یہ عمل جاری رکھا گیا اور تین ماہ بعد جب ان کے ٹیلومرز کی لمبائی دوبارہ پرکھی گئی تو وہ بڑھ کر اتنی ہو چکی تھی جتنی 25سال قبل تھی جب یہ لوگ جوان تھے۔
رپورٹ کے مطابق تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ پروفیسر شئی ایفریٹی کا کہنا تھا کہ طبیعاتی طور پر عمر رسیدگی کے دو بڑے انڈیکیٹرز ہوتے ہیں۔ پہلا ٹیلومرز کا چھوٹا ہونا اور دوسرا جسم میں ناقص کارکردگی کے حامل بوڑھے خلیوں کی تعداد کا بڑھ جانا۔ ان لوگوں کو جب تین ماہ تک آکسیجن تھراپی دی گئی تو ان کے جسم میں یہ دونوں انڈیکیٹرز ہی انہیں اصل عمر سے 25سال کم عمر بتانے لگے۔