سعودی عرب میں موذی کورونا وائرس کے وار جاری ہیں۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت بھر میں مزید دوہزار پانچ سو اکانوے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ تازہ اموات کی تعداد اکتیس ہے۔ وزارت صحت کے مطابق گزشتہ روز ایک ہزار چھ سو اکاون افراد صحتیاب ہوکر گھروں کو بھی جاچکے ہیں۔
دوسری جانب سعودی حکومت نے صورتحال خراب ہونے پر ایک بار پھر جدہ میں پندرہ روز کے لیےکرفیو نافذ کردیا ہے جو آج سے نافذ العمل ہوگیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جدہ میں دن بجے سے اگلی صبح چھ بجے تک کرفیو رہے گا جبکہ شہر بھر کی تمام مساجد کو بھی ایک بار پھر بند کردیا گیاہے۔ حکومتی احکامات کے مطابق جدہ میں مختلف وزارتوں ، حکومتی ایجنسیوں اور نجی کمپنیوں کے ملازمین کام نہیں کریں گے۔
ہوٹلوں کے کھانے کی فراہمی اور کیفے مشروبات کی فروخت نہیں کرسکیں گے شہر میں پانچ سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
شہر بھر میں ٹرینوں اور ہوائی جہازوں کی آمد ورفت کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس دوران لوگوں کو شہر میں داخل یا ایک شہر سے دوسرے کی جانب سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔
حکم نامے کے مطابق ایسے افراد جنہیں گزشتہ کرفیو کے دوران پابندیوں سے استثنیٰ دیا گیا تھا وہ ابھی ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہیں۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ شہر میں ایک بار پھر کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے جس پر قابو پانے کیلئے حکومت ہر ممکن وسیلہ بروئے کار لارہی ہے۔